ایران-اسرائیل کشیدگی: اقوام متحدہ کے سربراہ کو اسرائیلی سرزمین پر قدم رکھنے کی اجازت نہیں

اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس (Antonio Guterres) کو ملک میں داخلے سے روکنے کا اعلان کر دیا ہے، اس کی وجہ یہ بتائی گئی کہ انہوں نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر ہونے والے میزائل حملے کی واضح الفاظ میں مذمت نہیں کی۔

العربیہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیل کاٹز کا کہنا ہے کہ انتونیو گوتیریس (Antonio Guterres) کی جانب سے ایران کی مذمت میں ناکامی نے انہیں اسرائیل میں “ناپسندیدہ شخصیت” (persona non grata) بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کوئی بھی ایران کے سفاکانہ حملے کی واضح مذمت نہیں کر سکتا، وہ اسرائیل کی سرزمین پر قدم رکھنے کا اہل نہیں ہے۔

کاٹز نے مزید کہا کہ اسرائیل، انتونیو گوتیریس کی موجودگی کے بغیر بھی اپنے شہریوں کا دفاع اور قومی وقار کو برقرار رکھے گا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں ایران نے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف اسرائیل کی جارحیت کے جواب میں اسرائیل پر درجنوں بیلسٹک میزائل داغے تھے۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیل بھر میں الارم بجائے گئے، اور شہریوں نے بم شیلٹرز میں پناہ لی۔ دھماکوں کی آوازیں یروشلم اور اردن کی وادی تک سنی گئیں۔

ایران کی جانب سے خبردار کیا گیا کہ اگر اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تو انہیں شدید حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔