ملتان میں جاری دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل اختتام پذیر ہو گیا، جہاں پاکستان نے انگلینڈ کو 297 رنز کا چیلنج دیا ہے۔ انگلینڈ نے کھیل کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز بنا لیے ہیں۔ قومی ٹیم کی جانب سے ساجد خان اور نعمان علی (Sajid Khan and Nauman Ali) نے انگلینڈ کے بیٹنگ آرڈر کو ابتدائی مشکلات میں ڈال دیا، جہاں بین ڈکٹ بغیر کوئی رن بنائے ساجد خان (Sajid Khan ) کا شکار بنے، جبکہ زیک کراؤلی نعمان علی کے ہاتھوں اسٹمپ آؤٹ ہو گئے۔
اولی پاپ 21 اور جو روٹ 12 رنز کے ساتھ چوتھے روز انگلینڈ کی امیدوں کو زندہ رکھیں گے، جبکہ انگلینڈ کو فتح کے لیے مزید 261 رنز اور پاکستان کو 8 وکٹوں کی ضرورت ہے۔
پاکستان کی دوسری اننگز میں سلمان علی آغا 63 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ انگلینڈ کی باؤلنگ میں شعیب بشیر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ کی پہلی اننگز میں بین ڈکٹ کے 114 رنز بھی ان کی ٹیم کو بڑا اسکور نہیں دے سکے، کیونکہ ساجد خان نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں۔