اسرائیلی فورسز کے لبنان کے مختلف مقامات پر فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 274 افراد شہید ہو گئے ہیں، جن میں 21 بچے بھی شامل ہیں، جبکہ 1,000 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
لبنان کے وزیر صحت فراس الابیض نے پریس کانفرنس کے دوران ان اعداد و شمار کی تصدیق کی اور بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملوں (Israeli airstrikes in Lebanon) نے لبنان کے مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔ شہید ہونے والوں میں 2 امدادی کارکن بھی شامل ہیں، جبکہ 16 زخمی ہوئے اور 2 ایمبولینس گاڑیاں تباہ ہو چکی ہیں۔
اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی آج کے دن اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے، لبنانی وزیراعظم نے ان حملوں کو “تباہی کی جنگ” قرار دیا ہے۔
اسرائیل کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ حملے اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک تمام اہداف حاصل نہیں کر لیے جاتے۔ اسرائیل نے جنوبی لبنان (Israeli airstrikes in Lebanon) کے علاقوں میں حزب اللہ کے زیر استعمال مقامات کو خالی کرنے کی وارننگ جاری کی ہے۔
حزب اللہ نے بھی جواباً اسرائیل پر میزائل داغے، جنہوں نے حیفہ میں رافیل ڈیفنس انڈسٹری کمپلیکس سمیت کئی اسرائیلی فوجی چوکیاں نشانہ بنائیں۔ ایران نے اس نئے اسرائیلی ایڈونچر کے سنگین نتائج کی وارننگ دی ہے۔