عائشہ جہانزیب کی حیران کن صلح: مبینہ تشدد کے باوجود شوہر سے عدالت میں معافی

اداکارہ اور ٹی وی میزبان عائشہ جہانزیب (Ayesha Jahanzeb) نے اپنے شوہر کی جانب سے مبینہ بدترین تشدد کے باوجود عدالت میں صلح کرلی۔

10 جولائی کو عائشہ جہانزیب پر تشدد کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جس میں انہوں نے شوہر کے ہاتھوں ایک سال میں تیسری بار تشدد کا نشانہ بننے کا دعویٰ کیا تھا۔ عائشہ نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے شوہر نے خفیہ نکاح بھی کر رکھا ہے۔

اس بیان کے بعد، پولیس نے عائشہ کے شوہر حارث کو گرفتار کر لیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حارث کو گرفتار کرکے کڑی سزا دینے کا حکم دیا۔ حارث کو پولیس نے جسمانی ریمانڈ پر لیا اور بعد ازاں لاہور کی مقامی عدالت میں پیش کیا۔

19 جولائی کو کیس کی سماعت کے دوران، عائشہ جہانزیب (Ayesha Jahanzeb) نے عدالت کے سامنے صلح کا بیان دیتے ہوئے تصدیق کی کہ انہوں نے اپنی مرضی سے شوہر کے ساتھ راضی نامہ کیا ہے۔ عائشہ نے کہا کہ ان کے ساتھ جو ہوا وہ کسی بھی خاتون کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے، لیکن انہوں نے شوہر کے ساتھ صلح کر لی ہے۔

عدالت نے عائشہ کے بیان کے بعد حارث کو ضمانت پر رہا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بریت کا معاملہ پولیس چالان کے مطابق ہوگا۔

عائشہ نے بعد میں انسٹاگرام پر تشدد کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بہت تکالیف برداشت کیں، لیکن عدالت میں دیے گئے بیان یا صلح کے بارے میں کچھ نہیں لکھا۔ انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ ان کی ذاتی زندگی اور پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔

دوسری جانب، حارث نے میڈیا سے مختصر بات چیت میں دعویٰ کیا کہ ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا اور حکومتی مشینری کے تعلقات کو استعمال کرکے ان کے خلاف کیس دائر کیا گیا، اور اگر کسی کے کہنے سے حقائق ثابت ہوتے تو عدالتوں کی ضرورت نہ ہوتی۔

یاد رہے کہ عائشہ جہانزیب کی حارث سے دوسری شادی ہے، ان کے دو بچے ہیں، جبکہ پہلی شادی سے ان کے تین بچے ہیں۔ عائشہ کے پہلے شوہر، جہانزیب، کینسر کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ ٹی وی میزبان پانچ بچوں کی ماں ہیں، جن میں سب سے بڑے بچے کی عمر 17 سال اور سب سے چھوٹے کی عمر 6 سال ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔