وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پانچ سال میں آئی ٹی برآمدات کا ہدف 25 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے اور آئی ٹی ماہرین سے تجاویز طلب کی گئی ہیں۔
اسلام آباد میں “گوگل فار پاکستان آگے بڑھو” کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ گوگل کی عالمی اور ملکی سطح پر کارکردگی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ان کی تعلیم و تربیت کے لیے وسائل فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کامیابی صبر اور عزم کی بدولت ہی حاصل ہوتی ہے، اور ناکامیوں کے بعد کامیابی کا حصول اصل زندگی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے سیکرٹری آئی ٹی کی تعیناتی شفاف طریقے سے کی گئی ہے۔ گوگل کی خدمات میں اضافے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے کرپشن کا خاتمہ اور محصولات میں اضافہ ممکن ہوگا، اور وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہوگا۔
وزیر اعظم نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے تجاویز طلب کیں اور کہا کہ آئندہ پانچ سال میں آئی ٹی برآمدات سے 25 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے آئی ٹی ماہرین کو اس ہدف کے حصول کے لیے اپنی تجاویز پیش کرنے کی دعوت دی۔