پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (Pakistan International Airlines) کے خریداروں نے حکومتی شرائط قبول کرنے سے انکار کر دیا ہے، کیونکہ پی آئی اے کے بولی دہندگان فلیٹ سائز میں اضافے اور50 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری پر تیار نہیں ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، بولی دہندگان حکومتی شرط کے تحت مخصوص روٹس پر آپریشنز جاری رکھنے پر بھی آمادہ نہیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق، ممکنہ خریداروں نے فروخت سے حاصل شدہ پوری رقم حکومت کو دینے کے بجائے ایئرلائن میں دوبارہ سرمایہ کاری کرنے کی تجویز دی ہے۔ اس کے علاوہ، بڈرز ان ملازمین کے لیے نئے اپائنٹمنٹ لیٹرز جاری کرنے کی خواہش رکھتے ہیں جنہیں وہ نوکری پر رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جبکہ باقی ملازمین کو ہولڈنگ کمپنی میں منتقل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، یہ معاملہ اب اعلیٰ سطح پر زیر بحث ہے۔ اگر حکومت ان مطالبات کو قبول کر لیتی ہے، تو معاملے کا توازن پی آئی اے (Pakistan International Airlines) کے خریداروں کے حق میں جا سکتا ہے۔
حکومت کی جانب سے شارٹ لسٹ کیے گئے بڈرز نے مجوزہ شیئر ہولڈرز ایگریمنٹ اور سیل پرچیز ایگریمنٹ پر بھی اعتراضات اٹھائے ہیں۔