اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان (Founder PTI) کی ممکنہ ملٹری حراست و ٹرائل کے خلاف درخواست پر اعتراضات کو دور کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو درخواست پر نمبر لگانے کی ہدایت دے دی۔ عدالت نے وفاقی حکومت سے 16 ستمبر تک وضاحت طلب کی ہے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے وضاحت کی کہ وزراء کی طرف سے بانی پی ٹی آئی عمران خان (Founder PTI) کے ملٹری ٹرائل کی دھمکی دی گئی ہے،درخواست گزار کے وکیل کہتے ہیں کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے بیان آیا ہے، اگر ایسا ہے تو فیڈریشن کی طرف سے واضح مؤقف آنا چاہیے، آج ہم کہہ دیں کہ ابھی کچھ نہیں، کل آپ ملٹری ٹرائل کا آرڈر لے آئیں پھر کیا ہو گا؟ وفاقی حکومت سے ہدایات لے کر پیر کو عدالت کو واضح آگاہ کریں۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل سے متعلق فیصلہ موجود ہے. جبکہ بانیٔ پی ٹی آئی ایک سویلین ہیں، اور سویلین کا ملٹری ٹرائل عدالت کے لیے باعثِ فکر ہے۔ فیڈریشن کی طرف سے واضح موقف پیش کرنا ضروری ہے.انہوں نے کہا کہ اگر ایسا کچھ نہ ہوا تو درخواست غیر مؤثر ہو جائے گی اور اگر ایسا کچھ زیرِ غور ہے توہم اس کیس کو سن کر فیصلہ کریں گے.
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے درخواست پر اعتراضات کے فیصلے کے بعد مزید کارروائی کی استدعا کی، جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کر دی۔