الیکشن ایکٹ میں حالیہ ترمیم کے نتیجے میں مخصوص نشستوں میں تبدیلی ممکن نہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے الیکشن کمیشن کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے وضاحت کی ہے کہ الیکشن ایکٹ میں حالیہ ترمیم کے نتیجے میں مخصوص نشستوں میں تبدیلی ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ترمیم کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں ہو سکتا۔

ذرائع کے مطابق، ایاز صادق نے پارلیمانی خود مختاری اور مخصوص نشستوں کے معاملے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں بتایا کہ الیکشن ایکٹ میں تبدیلی کے بعد مخصوص نشستوں کی تشکیل میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے خط کی کاپی الیکشن کمیشن کے تمام ارکان کو بھی ارسال کی ہے۔

اسپیکر نے خط میں واضح کیا کہ الیکشن ایکٹ کی ترمیم لاگو ہو چکی ہے اور سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق آزاد ارکان کو دوسری جماعت میں شامل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارلیمنٹ کی منظور کردہ ترمیم کے بعد، جو سات اگست کو پاس ہوئی، کسی آزاد رکن کو پارٹی تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اگر کسی رکن نے کاغذات نامزدگی کے ساتھ پارٹی کا سرٹیفکیٹ فراہم نہیں کیا تو وہ آزاد تصور کیا جائے گا۔

انہوں نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے پارلیمنٹ کے بنائے گئے قانون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کا آئینی فرض ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے قوانین کا احترام کرے اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت ہونے والی قانون سازی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔