متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے غیر ملکیوں کے لیے ایک نئی ویزا ایمنسٹی اسکیم(Visa Amnesty Scheme) متعارف کرائی ہے۔
دبئی میں اماراتی امیگریشن حکام نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ یہ اسکیم ان لوگوں کے لیے ہے جو قانونی طور پر ملک میں داخل ہوئے لیکن اپنے ویزا کی تجدید نہ کروا سکے۔
اب کوئی بھی نیا اماراتی ویزا حاصل کرنے پر پابندی نہیں ہے، نہ ہی سفر پر پابندی کا سامنا ہوگا، اور نہ ہی بھاری جرمانوں کا خوف ہے۔
اماراتی حکام نے غیر قانونی رہائشیوں کو یہ سنہری موقع دیا ہے کہ وہ اپنی رہائش کو قانونی بنائیں۔
امارات بھر میں اس اسکیم کے تحت مختلف کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں افراد یا تو وطن واپسی کے لیے اجازت نامہ حاصل کر سکتے ہیں یا نئی ملازمت کی تلاش کر سکتے ہیں۔ تمام ضروری سہولیات کیمپوں میں دستیاب ہیں۔
یکم ستمبر سے 30 اکتوبر تک دی گئی دو ماہ کی مہلت کے دوران اپنے ویزا کی حیثیت کو قانونی بنا سکتے ہیں یا بغیر جرمانے کے وطن واپس جا سکتے ہیں۔
یہ اسکیم ان افراد کے لیے ہے جن کے رہائشی یا سیاحتی ویزے کی مدت ختم ہو چکی ہے، انہیں یہ موقع دیا گیا ہے کہ وہ یا تو اپنے قیام کو قانونی حیثیت دیں یا ملک چھوڑ دیں۔
اماراتی حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ ویزا ایمنسٹی اسکیم(Visa Amnesty Scheme) غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے افراد کے لیے نہیں ہے۔ جو لوگ اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں گے، وہ بغیر کسی فیس یا جرمانے کے اپنے ویزے کی حیثیت کو درست کر سکتے ہیں، جبکہ ملک چھوڑنے والوں کو بھی کسی سفری پابندی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
خصوصاً پاکستانی شہریوں کو ان کے قونصل خانے کی جانب سے اس موقع سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی گئی ہے تاکہ وہ اپنی قانونی حیثیت بحال کر سکیں یا باعزت طریقے سے اپنے وطن واپس جا سکیں اور مستقبل میں درست دستاویزات کے ساتھ دوبارہ امارات میں داخل ہو سکیں۔
گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق، اتوار کے روز جب اماراتی حکام نے غیر قانونی رہائشیوں اور سیاحوں کی قانونی حیثیت کو درست کرنے کے لیے لاکھوں درہم کے جرمانے معاف کرنا شروع کیے، تو صبح ہی سے سینکڑوں افراد ایمنسٹی مراکز میں جمع ہوگئے۔
رہائشی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے افراد اس دو ماہ کی مہلت کے دوران قانونی کارروائی، بشمول پابندی اور جرمانے سے بچ سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ ملک چھوڑ دیں یا اپنے ویزے کی حیثیت کو درست کر لیں، جو کہ 30 اکتوبر کو ختم ہوگی۔
مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔