طوفان ‘اسنی’ کراچی سے دور، لیکن ساحل پر آنے والی آندھی اور بارشوں کی پیشن گوئی برقرار

مشرقی بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان ‘اسنی’ (Cyclonic Storm Asani) کراچی سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ اب طوفان کراچی سے تقریباً 230 کلومیٹر دور ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں تیز ہوا اور بارش کا امکان برقرار ہے۔

محکمہ موسمیات کے جاری کردہ الرٹ کے مطابق، سندھ کے ساحل سے مشرقی بحیرہ عرب پر بننے والا طوفان گزشتہ چھ گھنٹوں کے دوران مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے۔ اس وقت طوفان کراچی سے 230 کلومیٹر، اورماڑہ سے 180 کلومیٹر اور گوادر سے 300 کلومیٹر دور ہے۔

چھٹے الرٹ میں بتایا گیا کہ طوفان کا رخ مزید مغرب کی جانب مڑ گیا ہے اور یہ کراچی کے جنوب مغرب میں 200 کلومیٹر، اورماڑہ سے 220 کلومیٹر اور گوادر سے 380 کلومیٹر دور ہے۔

طوفان کی موجودگی کے باعث کراچی، سجاول، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، جامشورو، دادو اور قمبر شہداد کوٹ کے علاقوں میں ہلکی یا گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، تیز ہوائیں 70 سے 80 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں، اور بلوچستان کے حب، لسبیلہ، آواران، کیچ اور گوادر میں رات بھر موسلا دھار بارشیں ہو سکتی ہیں۔

شدید بارشوں کی صورت میں مکران کے ساحلی علاقوں میں نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے کا خطرہ ہے۔ سمندری حالات 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث خراب رہ سکتے ہیں، جس کے پیش نظر سندھ کے ماہی گیروں کو آج اور بلوچستان کے ماہی گیروں کو کل تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کراچی میں سائیکلون وارننگ سینٹر مسلسل سسٹم کی نگرانی کر رہا ہے اور اپ ڈیٹس جاری کرے گا۔ متعلقہ حکام سے درخواست ہے کہ وہ ایڈوائزری کی مدد سے اپنی معلومات کو تازہ رکھیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ رات محکمہ موسمیات نے اعلان کیا تھا کہ ڈیپ ڈپریشن اب سائیکلون اسنیٰ (Cyclonic Storm Asani)‌میں تبدیل ہو چکا ہے، جو کراچی سے 120 کلومیٹر دور تھا، اور اس وقت شہر میں 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی تھیں۔ چیف میٹرولوجسٹ نے پیشگوئی کی تھی کہ بارشوں کی شدت میں اضافہ ہوگا اور رات میں تیز بارشوں کی توقع ہے، جبکہ طوفان کی سمت بلوچستان اور عمان کی جانب ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔