حکومتی پالیسیوں پرعدم اطمینان، ڈاکٹر قیصر بنگالی نے تین کمیٹیوں کے عہدوں سےاستعفیٰ دے دیا۔

حکومت کی جانب سے تشکیل دی جانے والی رائٹ سائزنگ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر قیصر بنگالی (Dr. Kaiser Bengali) نے حکومت کی مالی پالیسیوں پر عدم اطمینان اور اخراجات میں کمی نہ کرنے کے باعث اپنے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق، ڈاکٹر قیصر بنگالی نے رائٹ سائزنگ کمیٹی کے رکن کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت اخراجات میں کمی کے معاملے میں سنجیدہ نہیں ہے۔

ماہر معاشیات ڈاکٹر قیصر بنگالی نے رائٹ سائزنگ کمیٹی کے علاوہ تین مختلف حکومتی کمیٹیوں کے عہدے بھی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ وہ کفایت شعاری کمیٹی، رائٹ سائزنگ اور حکومتی اخراجات میں کمی کے لیے کام کر رہے تھے۔

قیصر بنگالی نے اپنے استعفے کی کاپی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور سیکریٹری کابینہ کامران افضل کو ارسال کی، جس کی تصدیق بھی کی گئی ہے۔

قیصر بنگالی نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ حکومت نے اخراجات میں کمی کے لیے کچھ اقدامات کیے ہیں، مگر تینوں کمیٹیاں اہم تجاویز دے چکی ہیں، جن میں 70 سرکاری اداروں اور 17 کارپوریشنز کی بندش کی سفارشات شامل ہیں۔ لیکن حکومت نے ان تجاویز پر عملدرآمد نہیں کیا اور بجائے اس کے چھوٹے ملازمین کو نکالا جا رہا ہے جبکہ اعلیٰ افسران کی ملازمتیں محفوظ رکھی جا رہی ہیں۔

قیصر بنگالی (Dr. Kaiser Bengali) نے مزید کہا کہ اگر بڑے افسران کی ملازمتیں ختم کی جائیں تو سالانہ 30 ارب روپے کے اخراجات میں کمی ہوسکتی ہے، مگر حکومت گریڈ ایک سے 16 کے ملازمین کو برطرف کر رہی ہے، جس سے معیشت کی حالت مزید بگڑ رہی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ موجودہ معاشی صورت حال کی وجہ سے آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی ادارے قرضے دینے پر تیار نہیں ہیں اور مہنگائی کی وجہ سے عوام کی زندگی مشکل ہوچکی ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔