پاکستان اسپورٹس بورڈ نے پی ایچ ایف کی فنڈنگ روکنے کے الزامات کو مسترد کر دیا

پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB) نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی طرف سے قومی ہاکی ٹیم کی ایشین چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے مالی امداد روکنے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ پی ایس بی کا کہنا ہے کہ پی ایچ ایف کی طرف سے درخواست کردہ رقم طے شدہ معیارات سے کافی زیادہ تھی۔

پی ایس بی نے ایک بیان میں وضاحت کی کہ فنڈز کی فراہمی میں تاخیر کی ایک وجہ پی ایچ ایف کی جانب سے مطلوبہ دستاویزات کی بروقت فراہمی میں ناکامی تھی۔ پی ایچ ایف نے 27 کھلاڑیوں اور 6 آفیشلز کے لیے 55 ملین روپے سے زائد کے بجٹ کے ساتھ 60,000 امریکی ڈالرز کی درخواست کی تھی، جو کہ عالمی معیار سے کہیں زیادہ تھی۔

ترجمان نے بتایا کہ پی ایس بی نے 19 کھلاڑیوں اور 4 آفیشلز کے سفری اخراجات کی پیشکش کی تھی۔ جب پی ایچ ایف نے کہا کہ ٹکٹیں بک کرالی ہیں، تو پی ایس بی نے رسیدیں موصول ہونے پر مکمل ادائیگی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

پی ایس بی نے وضاحت کی کہ فنڈز کی فراہمی میں تاخیر پی ایچ ایف کی طرف سے ضروری تفصیلات اور دستاویزات کی عدم فراہمی کی وجہ سے ہوئی۔ حال ہی میں پی ایچ ایف کو 3 کروڑ 75 لاکھ روپے کی گرانٹ دی گئی تھی، اور مختلف ضروریات کے لیے 5 کروڑ 91 لاکھ روپے فراہم کیے گئے تھے۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں ٹیم کی شرکت کے لیے مزید مالی معاونت کی منظوری بھی دی گئی ہے، جس میں کھلاڑیوں کے کھانے، رہائش، ہوائی ٹکٹوں اور ویزا فیس کے اخراجات شامل ہیں۔

پی ایس بی (PSB) نے یہ بھی بتایا کہ 3 ہفتے کا تربیتی کیمپ نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد کیا گیا اور کھلاڑیوں کی رہا ئش کا بندہبست اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں کیا گیا۔ پی ایس بی نے بتایا کہ پی ایچ ایف کی جانب سے کھلاڑیوں اور آفیشلز کی فہرستیں، کمپیوٹر کلیئرنس پروفارماز، انڈر ٹیکنگز، اور شورٹی بانڈز فراہم کرنے میں ناکامی کی وجہ سے فنڈز کی فراہمی میں تاخیر ہوئی۔ بار بار یاد دہانیوں کے باوجود پی ایچ ایف اکثر ضروری تفصیلات دیر سے یا نامکمل فراہم کرتا ہے۔

پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی نے حال ہی میں بیان دیا تھا کہ پاکستان ہاکی ٹیم ایشین چیمپئنز ٹرافی کے لیے قرض پر چین روانہ ہوئی تھی۔ پی ایس بی نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ایچ ایف کے آئین کے آرٹیکل 9.5 کے تحت فیڈریشن اپنے فنڈز خود جمع کرنے کی ذمہ دار ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔