مولانا فضل الرحمان کی چوہدری شجاعت سے اہم ملاقات: ملک کی سیاسی صورتحال پر گفتگو

جمعیت علمائے اسلام کے صدر مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین سے لاہور میں اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ یہ ملاقات ظہور الٰہی روڈ پر واقع چوہدری شجاعت کے گھر پر ہوئی۔

مولانا فضل الرحمان نے چوہدری شجاعت کی صحت کی حالت دریافت کی اور ان کی عیادت کی، جبکہ دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر مفصل تبادلہ خیال کیا۔

مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ مولانا محمد امجد خان، جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری، سید سلمان گیلانی، حافظ نصیر احرار، حافظ غضنفر، عزیز طارق بلوچ اور مولانا شمس الحق بھی موجود تھے۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے مختصر بات چیت میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چوہدری شجاعت سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں، اور آج کی ملاقات کا مقصد ان کی خیریت دریافت کرنا تھا۔