سوشل میڈیا پر کرکٹ کے خوبصورت بولنگ ایکشنز پر گرما گرم بحث

جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے سوشل میڈیا پر سب سے خوبصورت بولنگ ایکشن پر سوال اٹھا کر ایک نئی گفتگو کا آغاز کیا۔ انہوں نے ایکس پر اپنے مداحوں سے پوچھا کہ کرکٹ کی دنیا میں سب سے دلکش بولنگ ایکشن کون سا ہے۔

اس سوال پر شائقین کرکٹ نے اپنی پسندیدہ تصاویر کے ساتھ اپنے پسندیدہ بولرز کے ایکشن کو خوبصورتی کے پیمانے پر پرکھا۔ اس فہرست میں سابق پاکستانی کپتان عمران خان، وسیم اکرم، اور دیگر مشہور بولرز شامل تھے۔

ڈیل اسٹین نے اس موضوع پر بات چیت کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں اپنے سابق ٹیم میٹ ایلن ڈونلڈ کا بولنگ ایکشن سب سے خوبصورت ہے۔ انہوں نے مداحوں سے پوچھا کہ ان کی پسندیدہ بولنگ ایکشن کون سی ہے۔

اس سوال پر 12 ہزار ایکس صارفین نے اپنی رائے دی۔ اکثریت نے پاکستان کے سابق کپتانوں وسیم اکرم اور عمران خان کے ساتھ ساتھ شعیب اختر، شین بانڈ، گلین میک گرا، ظہیر خان اور دیگر بولرز کے ایکشن کو خوبصورتی کی علامت قرار دیا۔

ایک صارف حسن نے عمران خان کی تصویر لگا کر ان کے ایکشن کو سب سے خوبصورت قرار دیا۔ جنید نے وسیم اکرم کا ایکشن پسند کرتے ہوئے انہیں “سلطان آف سوئنگ” قرار دیا۔ محمد ارسلان نے خود ڈیل اسٹین کے ایکشن کو سب سے دلکش قرار دیا۔

بھارتی صارف شیو رجاواٹ نے کسی بھارتی بولر کے بجائے مچل اسٹارک کے بولنگ ایکشن کو سب سے خوبصورت مانا۔ گورو گلاٹی نے شین بانڈ کو جبکہ ساشنک انند نے چمندا واس کو سب سے خوبصورت بولنگ ایکشن قرار دیا۔