بلوچستان میں دہشتگردانہ حملوں پر چین کا اہم بیان، پاکستان کو مکمل حمایت کی یقین دہانی

بلوچستان میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات میں معصوم شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی شہادت پر چین نے اہم بیان دیا ہے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بلوچستان میں دہشتگردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اس صوبے میں دہشتگردی کے واقعات کی رپورٹیں دیکھی ہیں، اور ہم بلوچستان میں دہشتگردانہ حملوں کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔

چین نے حملوں میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ چین ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف مضبوط موقف اختیار کیے ہوئے ہے۔ چین پاکستان کی انسداد دہشتگردی کارروائیوں میں مکمل حمایت فراہم کرتا رہے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ چین پاکستان کے سماجی ہم آہنگی اور استحکام کو برقرار رکھنے میں اس کی مکمل حمایت جاری رکھے گا اور لوگوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کی بھرپور مدد کرے گا۔ چین پاکستان کے ساتھ سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے۔

وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر خطے میں امن و سلامتی کی مشترکہ حفاظت کے لیے تیار ہے۔

پچھلے روز بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل میں مسلح دہشتگردوں نے مسافروں کی شناخت کر کے قتل کیا اور 35 گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ دو روز قبل بھی دہشتگردوں نے 4 شہریوں کو ٹرکوں سے اتار کر ہلاک کیا جبکہ نوشکی میں سرکاری اسلحہ چھین کر پوسٹ کو نذرآتش کیا۔

دہشتگردی کے ان واقعات میں 39 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ سکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں 21 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران 14 جوانوں نے شہادت حاصل کی۔