آرمی چیف کی دہشت گردی کے خلاف فتح کا عزم، خیبر پختونخوا کے عوام کی تعریف

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اسلام آباد میں یوتھ کنونشن کے دوران کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اور قیمتی اثاثہ نوجوان ہیں، اور ہم ہر صورت اس کی اہمیت کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے اطمینان دلایا کہ ملک کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

آرمی چیف نے آزاد ریاست کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ لیبیا، شام، کشمیر اور غزہ کے عوام کی حالت اس کی وضاحت کرتی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے پیدا ہونے والے ہیجانات اور فتنوں سے عوام کو دور رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے عوام، حکومت، اور فوج کے درمیان مضبوط تعلقات کو پاکستان کی حفاظت اور ترقی کی ضامن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کی معاشی حالت کی تنقید کر رہے تھے، آج وہ کہاں ہیں؟ ہمیں بطور مسلمان نا امیدی سے منع کیا گیا ہے۔

نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے، آرمی چیف نے کہا کہ زندگی ایک امتحان ہے اور قرآن کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا کافی نہیں کہ ہم ایمان لائے، بلکہ ہمیں آزمائشوں کا سامنا کرنا ہوگا۔

انہوں نے پارہ چنار میں حالیہ فسادات پر بھی بات کی اور کہا کہ قبائل کو مل بیٹھ کر تنازعات حل کرنے کی ضرورت ہے۔ خیبر پختونخوا کے عوام کو دہشت گردی کے خلاف مضبوط دفاع قرار دیتے ہوئے، انہوں نے یقین دلایا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں دہشت گردی کے خلاف فتح عطا کرے گا۔

آرمی چیف نے اپنے خطاب کے آخر میں ایک شعر بھی پڑھا:
”افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر، ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ“۔