اسلام آباد: پی ٹی آئی کے جلسے کی این او سی ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس رپورٹ کی بنیاد پر منسوخ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اسلام آباد جلسے کا اجازت نامہ (این او سی) منسوخ کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے جلسے کے لیے جاری کردہ این او سی کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور اس کی وجہ یہ بیان کی ہے کہ کچھ دن قبل بھی مظاہرین سپریم کورٹ کے سامنے جمع ہو چکے تھے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق موجودہ حالات میں اسلام آباد میں جلسوں کی اجازت دینا ممکن نہیں ہے۔

اعلامیے کے مطابق، چیف کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت اجلاس میں این او سی کی منسوخی کا فیصلہ کیا گیا۔ اس اجلاس میں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد کی طرف سے جاری کردہ این او سی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے جلسے کے این او سی کی منسوخی کا فیصلہ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق، آئی جی اسلام آباد نے مختلف ایونٹس کی وجہ سے سیکیورٹی کے خدشات کا اظہار کیا ہے۔ بنگلادیش کرکٹ ٹیم اسلام آباد میں موجود ہے، اور شدید سیکیورٹی تحفظات کی بنا پر جلسے کے ہجوم کو کنٹرول کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔