سحر خان نے ہراسانی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر ٹیزر خرید لیا۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سحر خان نے حالیہ دور میں ہراسانی کے بڑھتے واقعات کی بنا پر اپنی حفاظت کے لیے ٹیزر خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سحر خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنی گاڑی میں ہاتھ میں ٹیزر پکڑے نظر آ رہی ہیں۔

انہوں نے اسٹوری پر لکھا کہ موجودہ دور میں شہر میں ہراسانی کے واقعات بڑھ چکے ہیں جو کہ پریشان کن ہے۔ سحر خان نے تمام لڑکیوں کو یہ پیغام دیا کہ وہ اپنی حفاظت کے معاملے میں سنجیدہ رہیں۔

سحر خان نے بتایا کہ انہوں نے اپنی حفاظت کے لیے حال ہی میں ایک ٹیزر خریدا ہے اور وہ سب کو مشورہ دیتی ہیں کہ آپ بھی اپنی حفاظت کے لیے کوئی نہ کوئی تدبیر ضرور اپنائیں، چاہے وہ ٹیزر ہو یا کوئی اور چیز۔

سحر خان نے ٹیزر کے بارے میں مزید کہا کہ یہ مناسب قیمت پر دستیاب ہے اور آن لائن بھی خریدا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اپنی بہنوں کو بھی یہی نصیحت کی ہے اور عوام کو بھی یہی پیغام دیا کہ اپنی حفاظت کا خیال رکھیں۔

سحر خان نے یہ بھی کہا کہ ہراسانی کرنے والے افراد اکثر بزدل ہوتے ہیں، اس لیے ہمیں ہمیشہ مضبوط رہنا چاہیے اور اپنے تحفظ کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

واضح رہے کہ خواتین اپنی حفاظت کے لیے اکثر ٹیزر رکھتی ہیں، کیونکہ اس آلے کے تیز کرنٹ شاکس مجرموں کو دور رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ مغربی ممالک میں پولیس بھی مجرموں کو قابو کرنے کے لیے ٹیزر استعمال کرتی ہے۔