“ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی” میں 40 ممالک کے فنکار حصہ لیں گے۔

آرٹس کونسل کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے حال ہی میں ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ 35 دنوں پر مشتمل “ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی” 26 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے، جو 30 اکتوبر 2024ء تک جاری رہے گا۔ اس فیسٹیول میں 40 ممالک کے فنکار حصہ لیں گے، جن میں فلسطین، ترکیہ، بھارت، متحدہ عرب امارات، امریکا، برطانیہ، جرمنی، آسٹریلیا، روس، مصر، جنوبی افریقہ، اٹلی، جاپان، سری لنکا، ساؤتھ کوریا، ناروے، برازیل، اسپین، بیلجیئم، یوکرین، عمان، قطر، زمبابوے، آزربائیجان، فرانس، یوگنڈا، بیلاروس، آئرلینڈ، کوسووو، برونڈی، کانگو، روانڈا اور دیگر شامل ہیں۔

پریس کانفرنس میں صدر آرٹس کونسل نے بتایا کہ فیسٹیول میں 100 سے زائد کلچرل پرفارمنسز ہوں گی اور 350 سے زائد فنکار پرفارم کریں گے۔ اس میں بین الاقوامی تھیٹر، میوزک، ڈانس گروپ کی پرفارمنسز اور فائن آرٹ بھی شامل ہوں گے۔ محمد احمد شاہ نے کہا کہ یہ فیسٹیول پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کلچرل ایونٹ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پچھلی بار پاکستان تھیٹر فیسٹیول میں 7 ممالک نے حصہ لیا تھا، مگر اس بار بین الاقوامی فنکاروں کی بڑی تعداد کی وجہ سے فیسٹیول کا نام “ورلڈ کلچر فیسٹیول” رکھا گیا۔ اس موقع پر تمام رنگ و نسل اور زبان کے لوگ حصہ لیں گے اور مختلف میوزک اور ڈانس کا فیوژن پیش کیا جائے گا۔ ورکشاپس اور ٹاکس بھی ہوں گی، جن میں آرٹس کونسل کے طلبہ اور عام لوگ بھی شامل ہو سکیں گے۔

محمد احمد شاہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ آرٹس کونسل نے تمام گروپس کو مختلف یونیورسٹیز اور بستیوں میں پرفارم کرنے کے لئے مدعو کیا ہے، اور پاکستانی فوک میوزک، تھیٹر اور ڈانس کا بھی شوکیس کیا جائے گا۔

مزاح نگار انور مقصود نے اس فیسٹیول کو ایک خواب قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ پروگرام کامیاب ہوگا اور ملک کے حالات میں بہتری لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ تھیٹر ڈائریکٹر خالد احمد نے اس فیسٹیول کو ایک بہت بڑا اقدام قرار دیا اور طالب علموں کے لئے سیکھنے کا بڑا موقع کہا۔

آرٹس کونسل کے سیکریٹری اعجاز فاروقی نے اختتام پر تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔