بارشوں کے باعث ملک بھر میں اموات وحادثات۔

ملک بھر میں موسمی بارشوں کے نتیجے میں مختلف حادثات میں دس افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ فیصل آباد میں شدید بارشوں کی وجہ سے چک جھمرہ میں ایک فیکٹری کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں تین محنت کش ہلاک ہوگئے اور ایک زخمی ہوا، جو اس وقت الائیڈ اسپتال میں زیر علاج ہے۔ فیصل آباد میں مزید چھتیں گرنے کے واقعات میں ایک خاتون جاں بحق اور چار افراد زخمی ہوئے۔

تاندلیانوالہ میں بھی خستہ حال چھت بارش کا بوجھ نہ سہار سکی اور ملبے تلے دب کر ایک خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ دو افراد زخمی ہوئے۔

لیاقت پور میں بارش کے باعث کرنٹ لگنے کے دو واقعات میں ایک خاتون اور ایک نوجوان جان کی بازی ہار گئے۔

چھتیں گرنے کی تین مختلف واقعات میں چنیوٹ میں چھ افراد زخمی ہوگئے، جنہیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔

ایک کمرے کی خستہ حال چھت گرنے سے ڈجکوٹ کے علاقے فاروق آباد میں محنت کش کی تیس بکریاں ہلاک ہوگئیں۔

لوئر دیر میں برساتی تالاب میں ڈوب کر دو بچے جاں بحق ہوگئے، جن کی لاشیں چکدرہ اسپتال منتقل کر دی گئیں۔

صوابی میں برساتی نالے میں ڈوب کر ویلج کونسل کے ساٹھ سالہ کونسلر فیاض خان بھی جان کی بازی ہار گئے، جن کی لاش غوطہ خوروں نے نکال کر لواحقین کے حوالے کر دی۔