ارشد ندیم کی اولمپک میں کامیابی پر جی ایچ کیو میں شاندار تقریب کا انعقاد۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے اولمپئن ارشد ندیم کی تاریخی کامیابی کے اعزاز میں جی ایچ کیو کے آرمی آڈیٹوریم میں ایک شاندار تقریب منعقد کی۔

اس تقریب میں مختلف کھیلوں کی ٹیمیں اور مشہور اولمپئنز نے شرکت کی، جن میں 1984 کی اولمپک اور قومی ہاکی ٹیمیں، قومی کرکٹ ٹیم، اسٹریٹ فٹ بال ٹیم، آرمی پولو ٹیم، بصارت سے محروم کرکٹ اور خواتین گول بال ٹیمیں، کامن ویلتھ، سیف اور ایشین گیمز کے میڈل جیتنے والے اور پیرس اولمپکس 2024 کے شرکاء شامل تھے۔

اس موقع پر جہانگیر خان، اصلاح الدین، شہباز سینئر، سہیل عباس، محمد آصف اور اعصام الحق بھی موجود تھے۔ ارشد ندیم کے قریبی رشتہ دار، ساتھی اور کوچز بھی تقریب میں شریک تھے۔

آرمی چیف نے ارشد ندیم کی پاکستان کے پہلے سنگلز ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتنے اور نیا اولمپک ریکارڈ قائم کرنے کی شاندار کامیابی کو سراہا۔

انہوں نے ارشد ندیم کی عزم، ثابت قدمی اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان کی محنت اور جدوجہد کا نتیجہ ہے جو انہوں نے معمولی آغاز سے لے کر کامیابی کی بلندیوں تک پہنچنے کے لیے کی۔

آرمی چیف نے ارشد ندیم کی کامیابی کو قومی فخر قرار دیا اور کہا کہ پوری قوم نے اس کامیابی کو قابل فخر انداز میں تسلیم کیا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کی ترقی اور تفریح کو ایک صحت مند اور خوشحال معاشرے کی اہم بنیادیں قرار دیتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔

ارشد ندیم نے اس موقع پر پاکستانی نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں کو اجاگر کیا اور محنت، مثبت سوچ اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا تاکہ چیلنجز کا سامنا کیا جا سکے۔