پاکستانی ڈرامہ “کبھی میں کبھی تم” نے پاکستان کے ساتھ بھارت اوربنگلہ دیش میں بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیئے۔

“کبھی میں کبھی تم” اے آروائی ڈیجیٹل کا سب سے مقبول ڈرامہ سیریل ہے، جو عوامی پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔ اس ڈرامے میں فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔

“کبھی میں کبھی تم” کی 11ویں قسط یوٹیوب پر ٹرینڈ کر رہی ہے، اور اسے صرف ایک دن میں 6.5 ملین ویوز مل چکے ہیں۔ یہ قسط بیک وقت پاکستان اور بھارت میں یوٹیوب پر ٹرینڈ کر رہی ہے، جبکہ بنگلہ دیشی ناظرین بھی اس ڈرامے کی اپنے ملک میں کامیابی کے دعوے دار ہیں۔

اس ڈرامہ سیریل کو تحریر کیا ہے فرحت اشتیاق نے ، جبکہ اس کے ہدایتکار بدرمحمود ہیں، ڈاکٹرعلی کاظمی اور فہد مصطفیٰ پروڈیوسر ہیں۔ ڈرامے کی کاسٹ میں ہانیہ عامر، فہد مصطفیٰ، عماد عرفانی، جاوید شیخ، بشری انصاری، مایا خان، زینب مظہر اور دیگر شامل ہیں۔

ڈرامے کی کہانی شرجینا کے گرد گھومتی ہے، جو شادی سے چند دن پہلے اپنی منگنی ٹوٹنے کے بعد اپنے سابق منگیتر کے چھوٹے بھائی مصطفی سے شادی کر لیتی ہے۔ مصطفی ایک بے پرواہ شخص ہوتا ہے، لیکن شرجینا کی محبت اور توجہ اسے آہستہ آہستہ ذمہ دار بنا دیتی ہے۔ کہانی اگرچہ عام ہے، مگر ڈرامے کی عمدہ کاسٹ کی وجہ سے اسے زبردست کامیابی مل رہی ہے۔

مداح فہد مصطفیٰ اور ہانیہ عامر کے ساتھ اپنی گہری وابستگی ظاہر کر رہے ہیں۔ زیادہ تر ناظرین نے اس ڈرامے کی سادہ اور حقیقت پسندانہ کہانی کی تعریف کی ہے، ایک مداح نے کہا کہ “عام کہانی کے باوجود، اداکار اس میں دلکشی کا اضافہ کر رہے ہیں”۔ کئی مداح ہانیہ عامر کی پرفارمنس سے متاثر ہیں۔