اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے نئے اصلاحاتی منصوبے سے قومی خزانے کو 96 کروڑ روپے کی سالانہ بچت۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی تنظیم نو کا منصوبہ منظور کر لیا ہے جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو سالانہ ایک ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق، اسپیکر ایاز صادق کی قیادت میں فنانس کمیٹی کے اجلاس میں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی تنظیم نو کے فیصلے کی توثیق کر دی گئی۔ اس منصوبے کی پہلی مرحلے میں 90 اور دوسرے مرحلے میں 130 آسامیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے 56 کروڑ روپے کی سالانہ بچت ہوگی۔

تیسرے مرحلے میں انتظامی اصلاحات کے ذریعے مزید 40 کروڑ روپے سالانہ بچت ہونے کا امکان ہے۔ اس فیصلے کے تحت گریڈ ایک سے 19 تک کی 220 غیر ضروری آسامیوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔

اجلاس میں قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کا آغاز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، اور اسپیکر نے پارلیمنٹ لاجز کے اضافی بلاکس کی جلد تعمیر کی ہدایت دی ہے۔