فرانس میں دو رافیل جنگی طیارے ٹکرا گئے، پائلٹس ہلاک

فرانس میں سینٹ ڈیزیئر فوجی اڈے سے اڑان بھرنے والے دو رافیل جنگی طیارے معمول کی تربیتی پرواز کے دوران آسمان میں آپس میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں دونوں طیاروں میں آگ بھڑک اُٹھی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، فرانسیسی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ طیاروں کی ٹکر کے باعث دونوں پائلٹس فوراً ہلاک ہوگئے، جن کی شناخت کیپٹن سبسٹین مابیرے اور لیفٹیننٹ میتھیس لارنس کے ناموں سے کی گئی ہے۔

حادثے کے دوران ایک معاون پائلٹ کو بچا لیا گیا ہے، جنہیں فوجی ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت اب خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

اب تک حادثے کی وجوہات کا تعین نہیں ہو سکا ہے۔ فرانسیسی فوج نے اس واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے طیارے کے حادثے میں دو فوجی افسران کی ہلاکت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اہل خانہ اور پوری قوم کے لیے ایک ناقابلِ فراموش سانحہ اور بڑا نقصان ہے۔