شیخ حسینہ کے لیے تنبیہ: واپسی پر بدامنی سے گریز کریں، حکومت کی وارننگ

بنگلادیش کے وزیر داخلہ کے مشیر بریگیڈیئر جنرل (ریٹائرڈ) محمد سخاوت حسین نے انکشاف کیا ہے کہ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد (Sheikh Hasina Wajid) نے اپنی مرضی سے ملک چھوڑا اور ان پر کسی قسم کا دباؤ نہیں ڈالا گیا تھا۔

ڈھاکا میں پریس کانفرنس کے دوران سخاوت حسین نے کہا کہ عوامی لیگ کی سربراہ شیخ حسینہ کو اپنی پارٹی کو نئے چہرے کے ساتھ دوبارہ منظم کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ حسینہ نے اپنے ملک کو خود چھوڑا تھا اور انہیں واپس آنے کی دعوت دی گئی، لیکن انہیں بدامنی سے دور رہنے کی تنبیہ بھی کی گئی ہے۔

شیخ حسینہ (Sheikh Hasina) کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے سخاوت حسین نے کہا کہ اگر آپ ملک میں واپسی کا ارادہ رکھتی ہیں تو پہلے یہ بتائیں کہ آپ نے ملک چھوڑا کیوں تھا؟ آپ کا واپس آنا خوش آئند ہے، مگر براہ کرم ملک میں کسی بھی قسم کی بدامنی پیدا کرنے سے گریز کریں کیونکہ اس سے عوام میں مزید اشتعال پھیلنے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے سیاسی جماعتوں پر پابندی کے حوالے سے کہا کہ ایسی کارروائیاں عام طور پر مخصوص ایجنڈے کی تکمیل کے لیے کی جاتی ہیں اور کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی لگانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ جماعت اسلامی پر پابندی کے سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ وزارت قانون کے دائرہ کار میں آتا ہے اور ہم نے اس معاملے میں کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔