مفت سولر پینل، سندھی عوام کے لئےخوشخبری۔

سندھ کے وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے عوام کے لئے ایک خوشخبری سناتے ہوئے مفت سولر پینل کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت، چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر سولر پینل کی فراہمی کے منصوبے پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں محکمہ توانائی کے اعلیٰ افسران، مختلف این جی اوز کے سربراہان، سیکریٹری انرجی مصدق احمد خان، سی ای او (SPHF) خالد شیخ، اور ڈائریکٹر سندھ سولر انرجی پروجیکٹ محفوظ قاضی نے شرکت کی۔

اجلاس میں ورلڈ بینک کے تعاون سے سولر پینل کی فراہمی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے اعلان کیا کہ اگست کے مہینے میں سولر پینل کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ انھوں نے سولر پینل کی فراہمی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت کے تحت اس منصوبے کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور جلد ہی ہر ڈویژن اور ضلع میں سولر پینل کی فراہمی شروع کی جائے گا۔

ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت عوام کو توانائی کے متبادل ذرائع فراہم کر کے ان کو ریلیف دینا چاہتی ہے، اور اس وقت مفت بجلی کی فراہمی کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ مہنگی بجلی کی قیمتوں کی وجہ سے عوام کو مشکل میں مبتلا دیکھ رہی ہے اور سولرائزیشن کے ذریعے سستی بجلی فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔