پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیراورمسئلےکا متوقع حل۔

پاسپورٹ کی طلب روزانہ کتنے ہزار اضافے کے ساتھ بڑھ چکی ہے اور پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کے مسئلے کا حل کب تک متوقع ہے؟ وفاقی وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ نے اس حوالے سے بتایا کہ پاسپورٹ کے اجراء کا مسئلہ دو ماہ کے اندر حل ہو جائے گا۔ ستمبر کے آخر تک پاسپورٹ کی پرنٹنگ کی صلاحیت روزانہ 55 سے 60 ہزار تک بڑھا دی جائے گی، جس کے بعد پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کا مسئلہ ختم ہو جائے گا۔

“جنگ” کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں آغا سید رفیع اللہ اور سحر کامران کی جانب سے پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر پر توجہ مبذول کرائے گئے نوٹس کا جواب دیتے ہوئے، اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ 2004ء میں موجودہ مشینری اور سافٹ ویئر کی استعداد 24 سے 26 ہزار روزانہ تھی، لیکن اب پاسپورٹ کی طلب روزانہ 45 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ اس کے علاوہ، سفارت خانوں کی تعداد 20 سے بڑھ کر 92 ہو گئی ہے اور پاسپورٹ دفاتر بھی 300 تک پہنچ گئے ہیں۔ ان ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے، نئی مشینری اور جدید پرنٹرز کے ٹینڈرز مکمل کر لیے گئے ہیں۔