اساتذہ کے تبادلوں پرپابندی ختم، محکمہ تعلیم پنجاب کا نوٹیفکیشن جاری۔

محکمہ تعلیم پنجاب نے اساتذہ کے تبادلوں پر عائد کی گئی پابندی کو ختم کر دیا ہے اور اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق، تمام کیٹیگریز کے اساتذہ، بشمول میرٹ، میوچل، ویڈ لاک، اور معذور کوٹے کے تحت تبادلوں کی درخواستیں دے سکیں گے۔

درخواستیں مکمل طور پر آن لائن جمع ہوں گی اور ان کی جانچ بھی اسی طریقے سے کی جائے گی۔ درخواستیں 12 اگست سے 31 اگست تک ای-سسٹم کے ذریعے آن لائن جمع کی جائیں گی، جبکہ اسکروٹنی 1 ستمبر سے 5 ستمبر تک ہوگی۔ اس دوران اسکروٹنی کے خلاف اپیلیں 6 ستمبر سے 9 ستمبر تک دائر کی جا سکیں گی، اور انہی تاریخوں میں اپیلوں پر فیصلے بھی کیے جائیں گے۔ اس کے بعد، 10 ستمبر سے 11 ستمبر تک نظر ثانی کی درخواستوں پر بھی فیصلے کیے جائیں گے۔ آخر میں، 13 ستمبر کو تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے جائیں گے۔