ارشد ندیم کا کارنامہ: پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے فائنل میں پاکستان کی نمائندگی یقینی

پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کے ارشد ندیم (Arshad Nadeem) نے 86.59 میٹر کی تھرو کر کے فائنل کے لیے جگہ بنا لی۔

پیرس اولمپکس کے پہلے مرحلے میں گروپ بی سے بھارت کے نیرج چوپڑا نے 89 میٹر کی شاندار تھرو کی اور پہلے نمبر پر رہے، جب کہ گریناڈا کے اینڈرسن پیٹرز نے 88.63 میٹر کی تھرو کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔

پاکستان کے ارشد ندیم نے 86.59 میٹر کی تھرو کی اور تیسرے نمبر پر رہے۔ برازیل کے لوئیز موریسیو دا سلوا نے 85.91 میٹر کی تھرو کی اور چوتھے نمبر پر رہے۔ اینڈرین مارڈیر نے 84.13 میٹر کی تھرو کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ فن لینڈ کے ایتھلیٹ نے 82.91 میٹر کی تھرو کے ساتھ چھٹی پوزیشن حاصل کی۔

یاد رہے کہ پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے ابتدائی راؤنڈ میں 32 ایتھلیٹس نے حصہ لیا، جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا، اور دونوں گروپس سے ٹاپ 6 جیولن تھرور فائنل میں پہنچ گئے۔

گروپ اے میں جرمنی کے جولین ویبر نے 87.76 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ کینیا کے جولیس ییگو نے 85.97 میٹر کی تھرو کے ساتھ دوسری پوزیشن پر قبضہ جمایا۔ چیک جمہوریہ کے جیکب وڈلیچ نے 85.63 میٹر کی تھرو کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔

گروپ اے سے فن لینڈ کے ٹونی کیرنن نے 85.27 میٹر کی تھرو کی اور چوتھے نمبر پر رہے، فن لینڈ کے اولیور ہیلینڈر نے 83.81 میٹر کی تھرو کی اور پانچویں پوزیشن پر رہے، جبکہ ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو کے کیشورن والکوٹ نے 83.02 میٹر کی تھرو کے ساتھ چھٹی پوزیشن حاصل کی۔

پیرس روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ وہ پوری طرح فٹ اور اچھی طرح سے تیار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اس ایونٹ کے لیے بہت محنت کر چکے ہیں اور پاکستان کے لیے میڈل جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 1992 کے اولمپکس کے بعد سے اب تک کسی بھی رنگ کا تمغہ نہیں جیتا۔ تاہم، ارشد ندیم پاکستان کے لیے میڈل لانے کے لیے پرامید ہیں۔

2024 کے اولمپکس میں پاکستان کا 7 رکنی دستہ شرکت کر رہا ہے، لیکن سب کی امیدیں صرف ارشد ندیم سے وابستہ ہیں کہ وہ پاکستان کو 32 سال بعد میڈل جتوانے میں کامیاب ہوں گے۔

ارشد ندیم (Arshad Nadeem) دو سال قبل 2022 کے کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے، تاہم 2023 کے عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں وہ بھارت کے نیرج چوپڑا کو شکست نہ دے سکے اور چاندی ہی کا تمغہ حاصل کر سکے ۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔