وزیراعلیٰ پنجاب کی جرمن سیاح فلورین برگ کوپانچ لاکھ روپے کی امداد۔

لاہور میں ڈاکے کا شکار ہونے والے جرمن سیاح کی مدد کی گئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب نے فلورین برگ کو پانچ لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کی۔

جرمن سیاح فلورین برگ نے کہا ہے کہ حکومت اور عوام کی جانب سے ملنے والی مدد کو وہ کبھی نہیں بھول سکتا۔ پاکستان اس کا پسندیدہ ملک ہے اور وہ دوبارہ یہاں آنا چاہے گا۔ اس نے پاکستانیوں کی محبت اور دل کشی کی تعریف کی، اور کہا کہ سیاحتی مسائل ہر ملک میں پیش آ سکتے ہیں لیکن پاکستان کی قدرتی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ لوگوں کی دلوں کی خوبصورتی بھی قابلِ تعریف ہے۔

فلورین برگ نے مزید کہا کہ اس کی مدد اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔

سیکریٹری داخلہ پنجاب، نورالامین مینگل نے فلورین برگ سے ملاقات کی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے اسے پانچ لاکھ روپے کی امداد دی۔

سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ پاکستان آنے والے تمام سیاح ہمارے مہمان ہیں، اور ان کی سیکیورٹی اور حفاظت کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈاکوؤں کا تعاقب کر رہی ہے اور لاہور پولیس جلد ہی ملزمان کو پکڑ لے گی۔

یہ بھی یاد رہے کہ جرمن سیاح فلورین برگ نے سینٹرل ایشیا اور چین کا سفر کرتے ہوئے پاکستان پہنچا تھا، اور لاہور میں سڑک پر کیمپ لگا کر سونے کے دوران ڈاکوؤں نے اس کو لوٹ لیا تھا۔