پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔

ناروے فٹ بال کپ کی انڈر 17 کیٹیگری میں پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کی کامیابی کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے راؤنڈ آف 32 کے میچ میں شاندار کامیابی کے بعد پری کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔

پاکستانی ٹیم نے گروپ مرحلے میں ناقابل شکست رہنے کے بعد پلے آف میں بھی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کی۔

راؤنڈ آف 32 کے میچ میں پاکستانی ٹیم نے ناروے کے شارلٹن لنڈ کلب کو پانچ صفر سے شکست دی۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے پہلے ہاف میں ایک جبکہ دوسرے ہاف میں چار گول کیے۔ سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کی جانب سے کاشف نے دو، عبید اللہ، اویس اور محمد عیسیٰ نے ایک ایک گول داغا۔

پاکستانی ٹیم کی اس فتح پر ناروے میں پاکستانی کمیونٹی نے خوب جشن منایا۔ پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کا پری کوارٹر فائنل میچ آج رات کھیلا جائے گا۔