لاہورمیں موسلا دھار بارش نے 44 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔

آج لاہور میں ہونے والی شدید بارش نے شہر کی صورتِ حال کو بگاڑ دیا ہے۔ اس مون سون کے دوران یہ دوسرا بڑا بارش کا سلسلہ ہے جس میں 300 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور کے ائیرپورٹ علاقے میں 353 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ تاجپورہ میں 315 ملی میٹر بارش کا ریکارڈ پہلے ہی موجود تھا۔

نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہونے کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ آئی ہے۔ لاہور میں شدید بارش کی وجہ سے بجلی کا نظام متاثر ہوا اور 407 فیڈر ٹرپ کر گئے۔ فیڈر ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی مسائل کی وجہ سے شہر کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی بند ہو گئی، جس سے شہریوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

موٹروے پولیس کے ترجمان نے اطلاع دی ہے کہ قومی شاہراہوں پر بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ موٹروے ایم 2 پر پنڈی بھٹیاں، شیخوپورہ، کالا شاہ کاکو اور ٹھوکر نیازبیگ تک بارش جاری ہے۔ اس کے علاوہ مانگا منڈی، پتوکی، رینالہ خورد اور اوکاڑہ کے علاقوں میں بھی بارش ہو رہی ہے جبکہ موٹروے ایم 3 پر فیض پور سے ننکانہ صاحب تک بارش جاری ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتہائی ضرورت کے تحت سفر کریں اور سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔