توشہ خانہ کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ میں 10 روز کی توسیع

توشہ خانہ ریفرنس (Tosha Khana Reference) میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اوراہلیہ بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ میں 10 روز کا اضافہ کر دیا۔

جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں سماعت کی، جس میں نیب پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اپنی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ سماعت کے دوران بشریٰ بی بی نے جج سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ” میں نے اپنا فیصلہ اللہ پر چھوڑا ہے۔آپ جو فیصلہ کرنا چاہتے ہیں کریں، نیب والے ایک کے بعد دوسرا جھوٹا کیس فائل کررہے ہیں۔”

عمران خان نے کہا کہ ان کی اہلیہ کا توشہ خانہ (Tosha Khana) سے کوئی تعلق نہیں اور وزیر اعظم ہونے کے ناطے وہی ذمہ دار تھے۔ انہوں نے نیب ٹیم پر ضمیر فروشی کا الزام لگایا، جس پر نیب پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔

وقفے کے بعد عمران خان نے سردار مظفر عباسی سے معذرت کی، جو قبول کر لی گئی۔ عدالت نے دونوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں دس دن کی توسیع کرتے ہوئے ہدایت کی کہ 8 اگست کو پیشرفت رپورٹ کے ساتھ دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔
مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔