فواد چوہدری کا بڑا دعویٰ: آصف زرداری اور نواز شریف تاریخ کے غلط رخ پر کھڑے

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری (Fawad Chaudhry) نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف تاریخ کے غلط سمت پر کھڑے ہیں، ان کا ساتھ دینے والے مستقبل میں کسی سے نظریں نہیں ملا سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق، سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری 9 مئی کو عسکری ٹاور جلانے کے مقدمے میں عبوری ضمانت کی معیاد مکمل ہونے پر لاہور انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ انسداد دہشتگردی عدالت کے معزز جج پر انہیں اعتماد نہیں ہے۔

فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ آج وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔ ان کے مطابق، نواز شریف اور آصف زرداری تاریخ کے غلط رخ پر کھڑے ہو کر خواہشات پر مبنی فیصلے کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس غلطی کے بعد دونوں پارٹیوں کے ممبران اسمبلی مستقبل میں کسی سے نظریں نہیں ملا سکیں گے اور اس فیصلے سے سیاسی عدم استحکام بڑھے گا۔

فواد چوہدری(Fawad Chaudhry) نے مزید کہا کہ سیاست کا مقصد مخالفین پر پابندی لگانا نہیں ہے۔ آپ نے پچھلی بار چیف الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے ذریعے بلے کا نشان چھین لیا، لیکن پی ٹی آئی کو کوئی فرق نہیں پڑا۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے 14 ماہ سے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھا ہوا ہے، لیکن اس سے پی ٹی آئی اور عمران خان کو کوئی فرق نہیں پڑا۔ جتنے بھی ارکان اسمبلی جیت کر آئے ہیں، ان سب کے مختلف نشانات تھے، لیکن لوگوں نے ڈھونڈ ڈھونڈ کر پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ دیا۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔