فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر افغان مظاہرین کا حملہ: شدید احتجاج

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ ( Frankfurt ) میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر افغان شہریوں نے احتجاج کرتے ہوئے ہنگامہ آرائی کی، پتھراؤ کیا، اور پاکستانی پرچم اتار دیا۔ اس واقعے کے بعد پاکستانی سفارتی حکام نے شدید احتجاج کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق افغان مظاہرین نے قونصل خانے پر حملہ کرکے پاکستانی پرچم جلانے کی کوشش کی اور افغانی پرچم لہرایا۔ پولیس نے موقع پر دو افراد کو حراست میں لے لیا اور مزید افراد کی گرفتاریاں ویڈیوز کی مدد سے کی جا رہی ہیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جرمنی کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ویانا کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور قونصل خانے کی سلامتی یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ فرینکفرٹ (Frankfurt ) میں پاکستانی قونصل خانے کی سلامتی خطرے میں ڈالی گئی جس سے قونصل عملے کی جان کو خطرہ لاحق ہوا۔

پاکستانی حکام نے جرمن وزارت خارجہ سے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور جرمن حکام نے مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پاکستانی سفارتخانے نے اس افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی اور یقین دلایا کہ ایسی صورتحال دوبارہ نہیں ہونے دی جائے گی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغان مظاہرین کے اس اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اب بھی 40 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے اور اس کے باوجود افغان شہریوں کی یہ حرکت ناقابل قبول ہے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔