پاکستان کا افغانستان کو احتجاجی مراسلہ: بنوں حملے کے پیچھے حافظ گل بہادر گروپ قرار

پاکستان نے بنوں کنٹونمنٹ حملے (Bannu Cantonment Attack) پر شدید احتجاج کرتے ہوئے افغانستان کو ایک رسمی احتجاجی مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں اس حملے کی ذمہ داری افغانستان میں مقیم حافظ گل بہادر گروپ پر عائد کی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان سفارت خانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو وزارت خارجہ میں طلب کیا گیا اور انہیں احتجاجی مراسلہ دیا گیا۔ اس مراسلے میں 15 جولائی کو بنوں میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی گئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حملے میں 8 سیکیورٹی اہلکار شہید اور کئی زخمی ہوئے، اور یہ کہ حملہ حافظ گل بہادر گروپ نے کیا جو افغانستان میں مقیم ہے۔ مزید کہا گیا کہ یہ گروپ ٹی ٹی پی کے ساتھ مل کر پاکستان میں متعدد دہشت گرد حملوں کا ذمہ دار ہے، جن میں سیکڑوں شہری اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار شہید ہوئے۔

دفتر خارجہ نے افغان عبوری حکومت سے واقعے کی مکمل تحقیقات کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف فوری اور مؤثر کارروائی کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس کے علاوہ، افغان حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ ایسے حملے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کے منافی ہیں۔

مزید برآں، دفتر خارجہ نے کہا کہ بنوں کنٹونمنٹ حملہ (Bannu Cantonment Attack) علاقائی امن و سلامتی کو درپیش دہشت گردی کے سنگین خطرے کی ایک اور یاد دہانی ہے۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے مطالبے کا اعادہ کرتا ہے اور اپنے عزم پر قائم ہے کہ دہشت گردی سے نمٹا جائے اور سلامتی برقرار رکھی جائے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔