مولانا فضل الرحمان کا بیان: انتخابی دھاندلی کے دعوے اور ملک بھر میں نئے انتخابات کا مطالبہ

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان (Maulana Fazal ur Rehman) نے کہا ہے کہ ان کی جماعت سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف بطور سیاسی جماعت اپیل دائر نہیں کرے گی۔ سپریم کورٹ نے آج پشاور ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر قانونی ماہرین ہی حتمی رائے دے سکتے ہیں۔ جے یو آئی ف بطور سیاسی جماعت اس فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کرے گی، تاہم متاثرہ افراد کو انفرادی طور پر اپیل سے نہیں روکا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جزوی طور پر تسلیم کرتی ہے اور پی ٹی آئی کے ساتھ خیر سگالی کا اظہار کرتی ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے امید ظاہر کی کہ دونوں جماعتوں کے باہمی تعلقات میں بہتری کے لیے یہ فیصلہ مفید ثابت ہوگا اور تحفظات کو دور کرنے کے لیے مذاکراتی ماحول تشکیل دینے میں مددگار ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پورے ملک میں انتخابات دھاندلی زدہ ہیں اور اس لیے ازسر نو عام انتخابات کروائے جائیں۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے آج سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں کے کیس میں پشاور ہائی کورٹ اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں کا حقدار قرار دیا تھا.

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔