مریم نواز کا بڑا اعلان: پنجاب میں طلبہ کے لیے ای بائیکس اور لیپ ٹاپ اسکیم کا آغاز

لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بچوں اور بچیوں کو ای بائیکس (E-bikes) ملنے پر ان سے زیادہ نواز شریف خوش ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ طلبہ کو جلد ہی لیپ ٹاپ بھی فراہم کیے جائیں گے اور 4 ماہ کے اندر ای بائیکس دینے کا وعدہ پورا کیا گیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پورے پنجاب میں طلبہ و طالبات کو بائیکس دی جائیں گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 25 ارب روپے کی تعلیمی اسکالرشپ اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے پنجاب کے طلبہ کو 20 ہزار موٹر سائیکلز فراہم کیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب الیکٹرک ٹرانسپورٹ کی جانب بڑھے، اور دوسرے مرحلے میں موٹر بائیکس کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چاہتی ہوں کہ طلبہ کی تمام توجہ اپنی تعلیم پر مرکوز ہو، اس کے لیے بائیکس ہی نہیں بلکہ لیپ ٹاپ اسکیم بھی لا رہے ہیں۔

انہوں نے بچیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بائیکس چلانا ضرور سیکھیں تاکہ آپ خود مختار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول بائیکس کو بتدریج ختم کر کے ای بائیکس اپنانے کی ضرورت ہے، اور طلبہ کو دیے گئے ای بائیکس (E-bikes) کی بیٹری کی انشورنس بھی کروائی گئی ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب ای ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں میں بھی نمایاں مقام حاصل کرے گا۔ ان کا خواب ہے کہ پنجاب کے ہر شہر میں بہتر پبلک ٹرانسپورٹ ہو اور دوسرے صوبے بھی ترقی میں پنجاب کی پیروی کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو تعمیری کاموں کی طرف مائل کرنا ہوگا اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی، کیونکہ پاکستان اب اس کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔