عائشہ جہانزیب کا شوہر پر خفیہ نکاح اور تشدد کا دعویٰ، قانونی جنگ کا آغاز

مشہور ٹی وی اینکر عائشہ جہانزیب (Ayesha Jahanzeb) کے شوہر حارث کو مبینہ طور پر تشدد کے کیس میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، عائشہ جہانزیب کی شکایت پر تھانہ سرور روڈ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ان کے شوہر کو حراست میں لے لیا ہے۔ عائشہ جہانزیب کا کہنا ہے کہ رواں سال میں ان کے شوہر نے تین سے چار مرتبہ ان پر تشدد کیا ہے، اور وہ اپنے میاں بیوی کے رشتے کو بچانے کی بھرپور کوشش کرتی رہی ہیں۔

عائشہ جہانزیب نے دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر نے خفیہ نکاح کیا ہوا ہے اور ان کے تشدد سے وہ شدید زخمی ہو چکی ہیں، جس کی بنا پر وہ قانونی چارہ جوئی کر رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے۔ انہوں نے عائشہ جہانزیب کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ خواتین پر کسی بھی قسم کا تشدد ناقابل برداشت ہے۔

یاد رہے کہ حارث، عائشہ جہانزیب کے دوسرے شوہر ہیں جبکہ ان کے پہلے شوہر جہانزیب کا انتقال ہو چکا ہے۔ عائشہ جہانزیب نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بتایا کہ ان کے پہلے شوہر جوانی میں ہی انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد انہوں نے والدہ کے اصرار پر دوسری شادی کی۔

انہوں نے کہا کہ پہلی شادی انہوں نے اپنے بچپن کے دوست جہانزیب سے کی تھی، جن سے ان کی محبت بچپن سے تھی۔ شوہر کے انتقال کے بعد ان کی والدہ کو کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، لیکن انہوں نے والدہ کو یہ کبھی نہیں بتایا کہ انہیں کیا بیماری لاحق ہے۔

عائشہ جہانزیب کا کہنا ہے کہ والدہ نے ان پر دوسری شادی کے لیے دباؤ ڈالا اور کافی عرصے تک انکار کے بعد بالآخر انہوں نے والدہ کی خواہش کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دوسرے شوہر حارث ان کے واحد مرد دوست تھے، جن سے بعد میں انہوں نے شادی کی۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔