عمران خان نے کبھی کسی کو آرمی چیف بنانے کا نہیں کہا: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین

خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور (Ali Amin Gandapur) نے ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے خود اعتراف کیا تھا کہ جنرل فیض حمید آرمی چیف کے عہدے کے لیے بہترین انتخاب ہوں گے۔

علی امین گنڈاپور نے بانی چیئرمین سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان نے کبھی کسی کو آرمی چیف بنانے کا نہیں کہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ سابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ خود بانی پی ٹی آئی کو کہتے تھے کہ جنرل فیض بہترین آرمی چیف ہوں گے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا کسی کو آرمی چیف بنانے کا ارادہ نہیں تھا، جبکہ دہشت گردی میں اضافہ جنرل فیض حمید کو ہٹانے کے بعد ہوا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنرل فیض کو اس وقت ہٹایا گیا جب وہ افغانستان میں امن و امان کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہے تھے۔

علی امین گنڈاپور (Ali Amin Gandapur) نے دعویٰ کیا کہ جنرل فیض کو ہٹانے کی وجہ حکومت گرانے کا منصوبہ تھا، جس میں نواز شریف یا امریکا کے ساتھ مل کر بانی پی ٹی آئی کی حکومت کو ہٹانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جنرل فیض کو ہٹانے کے بعد یہ دہشت گردی کو چھوڑ کر تحریک انصاف کے پیچھے لگ گئے۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔