پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس ( KPK All Parties Conference ) میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی حقیقی نمائندگی صرف تحریک انصاف کے پاس ہے، اور گورنر کی اے پی سی میں عدم شرکت کا فیصلہ عوامی قتل عام پر حکومتی خاموشی اور سہولت کاری کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ سیاسی مفادات کے عوض قاتلوں کی حمایت اور تحریک انصاف پر پابندی کے مذموم ایجنڈے کے خلاف احتجاج کے طور پر کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی، جو اس ایجنڈے کی سرگرم پشت پناہ ہے، بلوچستان اسمبلی میں پابندی کی قرارداد کی منظوری میں پیش پیش رہی اور سندھ میں ہمارے کارکنوں کے خلاف گرفتاریوں اور ہراسانی کی کارروائیوں میں مصروف ہے۔
شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نمائشی اجتماعات کے ذریعے جمہوریت پسند ہونے کا تاثر دینا چاہتی ہے، حالانکہ خیبر پختونخوا میں ان کا کوئی سیاسی مینڈیٹ نہیں ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے واضح کیا کہ اگر گورنر خیبر پختونخوا کسی سنجیدہ معاملے پر مشاورت کے لیے خیبر پختونخوا حکومت کو تجاویز بھیجیں گے، تو تحریک انصاف غور کرنے کے لیے تیار ہے، لیکن نمائشی مجالس بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس ( KPK All Parties Conference ) میں شرکت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی حقیقی آواز تحریک انصاف ہے اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو اپنی غیرجمہوری سرگرمیاں ختم کرنی چاہییں۔