وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں “ستھرا پنجاب” مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کی پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے مسلسل جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کی سیاست کی گئی، لیکن عوام نے ان کے بیانیے کو یکسر مسترد کر دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات اور حالیہ مظاہروں میں ریاستی اداروں پر حملے اور عوامی املاک کی تباہی پاکستان کے مستقبل کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سی ایم ایچ راولپنڈی میں زخمی پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی حالت دیکھ کر اندازہ ہوا کہ یہ مظاہرے محض احتجاج نہیں بلکہ ملک دشمنی کے منصوبے تھے۔
انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے حکومت میں رہ کر بھی بدانتظامی کی، اور اقتدار سے ہٹنے کے بعد جلاؤ گھیراؤ کے ذریعے عوام کو اذیت میں مبتلا کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مظاہروں کے لیے غیر قانونی افغان شہریوں کو استعمال کیا گیا، جنہیں خیبرپختونخوا حکومت نے مالی مدد فراہم کی۔
مریم نواز نے کہا کہ پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں پر کیلوں والے ڈنڈوں اور گولیوں سے حملے کیے گئے، جس سے کئی اہلکار زخمی اور شہید ہوئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پرامن احتجاج اور دہشتگردی میں واضح فرق ہے، اور عوام نے ہمیشہ پرتشدد سیاست کو مسترد کیا ہے۔
انہوں نے اپنی جماعت کے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قانون اور جمہوریت کی پاسداری کی ہے، جبکہ ان کے جلسے جلوسوں میں کبھی عوامی یا ریاستی املاک کو نقصان نہیں پہنچایا گیا۔
مریم نواز نے پیغام دیا کہ صوبے کو وفاق کے سامنے لا کر کھڑا کر دینا انتہائی خطرناک رویہ ہے، اور اس ذہنیت کو ختم کیے بغیر ملک میں امن و استحکام ممکن نہیں۔