پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔ زمبابوے کے 58 رنز کا آسان ہدف پاکستانی اوپنرز نے صرف چھ اوورز میں حاصل کر لیا، ایک بار پھر گرین شرٹس نے حریف ٹیم کو آؤٹ کلاس کر دیا۔
بلاوائیو میں کھیلے گئے اس میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ہوم ٹیم کے اوپنرز برائن بینیٹ اور ٹادیوناشے مرومانی نے محتاط آغاز کرتے ہوئے چار اوورز میں 37 رنز بنائے، لیکن پاکستانی باؤلرز نے شاندار واپسی کی۔ زمبابوے کی پوری ٹیم 12.4 اوورز میں صرف 57 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔
زمبابوے کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگر تک نہ پہنچ سکے، جبکہ تین کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ برائن بینیٹ نے 21 اور ٹادیوناشے مرومانی نے 16 رنز کی اننگز کھیلیں، لیکن ان کے بعد کوئی بلے باز پاکستانی باؤلرز کا سامنا نہ کر سکا۔
نوجوان اسپنر سفیان مقیم نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے صرف 3 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جو ان کے کیریئر کی بہترین بولنگ پرفارمنس ہے۔ دیگر باؤلرز میں عباس آفریدی نے 2 جبکہ حارث رؤف، سلمان علی آغا اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
زمبابوے کے 58 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستانی اوپنرز نے دھواں دھار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ قومی ٹیم کے اوپنرز نے کوئی وکٹ گنوائے بغیر چھٹے اوور میں ہدف حاصل کر لیا اور گرین شرٹس کو شاندار فتح دلائی۔
پاکستان نے پہلے میچ میں بھی زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دی تھی اور دوسرے میچ میں 10 وکٹوں کی کامیابی کے ساتھ ہی تین میچز کی سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔