پاکستانی باؤلرز کا طوفانی حملہ، زمبابوے 57 رنز پر ڈھیر

پاکستان کی تباہ کن باؤلنگ نے بلاوائیو میں زمبابوے کو تاریخ کے کم ترین اسکور پر محدود کر دیا۔ تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں، پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو صرف 57 رنز پر آل آؤٹ کر دیا، جو کہ زمبابوے کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اب تک کا سب سے کم اسکور ہے۔

زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن یہ حکمت عملی ان کے حق میں ثابت نہ ہوئی۔ میزبان ٹیم کے اوپنرز برین برینیٹ (21) اور ٹاڈی وناشے مارومانی (16) کے علاوہ کوئی بلے باز دہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکا۔ پاکستانی باؤلرز، خاص طور پر نوجوان صفیان مقیم، جنہوں نے 5 وکٹیں حاصل کیں، نے مخالف ٹیم کے بلے بازوں کو بے بس کر دیا۔ عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حارث رؤف اور ابرار احمد نے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین روانہ کیا۔
پاکستانی ٹیم کی کارکردگی
قومی ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا نے کی، جنہوں نے ٹاس کے بعد اپنی ٹیم کے اعتماد کا اظہار کیا۔ پاکستانی پلیئنگ الیون میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی، اور گزشتہ میچ کی فاتح ٹیم کو برقرار رکھا گیا۔

یاد رہے پاکستان نے اس سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دی تھی، جہاں قومی ٹیم نے 166 رنز کا ہدف دیا اور میزبان ٹیم صرف 108 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اس سے قبل ون ڈے سیریز میں بھی پاکستان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیصلہ کن میچ میں زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دی اور سیریز اپنے نام کی۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔