یویو ہنی سنگھ (Yoyo Honey Singh) ، بھارت کے مشہور ریپر اور گلوکار، نے حال ہی میں کوک اسٹوڈیو پاکستان کے معروف گلوکار وہاب بگٹی اور سندھی لوک گلوکارہ صاحبان کے ساتھ مل کر اپنی نئی میوزک البم “گلوری” ریلیز کی ہے۔
بھارتی میوزک کمپنی ٹی سیریز کے تحت یویو ہنی سنگھ (Yoyo Honey Singh) نے اپنی نئی میوزک البم “گلوری” کی آڈیو ریلیز کر دی جس کے گانوں “ریپ گاڈ” اور “بیبا” میں وہاب بگٹی اور صاحبان نے بھی اپنی خوبصورت آواز کا جادوجگایا ہے جو کہ پاکستانی ہیں۔
البم “گلوری” میں ہنی سنگھ اور صاحبان کا گانا “ریپ گاڈ” سندھی، ہندی، پنجابی اور انگریزی سمیت کئی زبانوں کا امتزاج ہے، جبکہ ہنی سنگھ اور وہاب بگٹی کا گانا “بیبا” فرانسیسی، انگریزی، بلوچی اور ہندی زبانوں کا مرکب ہے۔
اس البم میں مجموعی طور پر 18 گانے شامل ہیں جو مختلف زبانوں میں ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ہنی سنگھ نے ان گانوں کے لیے دنیا بھر کے باصلاحیت گلوکاروں کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ہنی سنگھ نے فی الحال اپنی البم کا آڈیو ورژن ہی جاری کیا ہے، جو فوراً ہی سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کر چکا ہے۔
یہ بھی واضح رہے کہ ہنی سنگھ نے گزشتہ ماہ اپنے سوشل میڈیا پیغام میں اعلان کیا تھا کہ ان کی نئی البم میں پاکستانی گلوکاروں وہاب بگٹی اور صاحبان بھی نظر آئیں گے۔