ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار میں بہتری، سوشل میڈیا ایپس بحال۔

ملک بھر میں انٹرنیٹ کی سست رفتار اور سوشل میڈیا ایپس میں خرابیوں کی صورتحال میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے۔ کئی دنوں بعد، سوشل میڈیا ایپس بحال ہو چکی ہیں اور ڈیٹا ڈاؤن لوڈ ہونا بھی دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ ڈاکومنٹس، تصاویر، اور وائس نوٹس اب چند دنوں کے وقفے کے بعد ڈاؤن لوڈ ہونے لگے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں سے ملک بھر میں انٹرنیٹ میں خلل کا سامنا تھا۔ انٹرنیٹ کی رفتار میں 30 سے 40 فیصد تک کی کمی واقع ہوئی تھی، جس نے ملکی ڈیجیٹل معیشت کو شدید نقصان پہنچایا۔ انٹرنیٹ سروس پرووائیڈرز ایسوسی ایشن نے اس صورتحال کو بڑھتی ہوئی نگرانی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے انتباہ دیا تھا کہ اگر حالات اسی طرح رہے تو کاروباری ادارے اپنے آپریشنز دوسرے ممالک منتقل کر سکتے ہیں۔