پنڈی ٹیسٹ: اسپنرز کا جادو، انگلینڈ 267 پر آؤٹ!

راولپنڈی ٹیسٹ (Rawalpindi Test) کے پہلے دن کا کھیل اختتام پذیر ہوگیا، جہاں انگلینڈ کی ٹیم 267 رنز پر آؤٹ ہوگئی، جبکہ پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 73 رنز بنالیے۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری اس ٹیسٹ میچ میں اسپنرز کی حکمرانی جاری رہی، جو بیٹرز کے لیے مشکلات کا سبب بنے۔ انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 267 رنز پر آؤٹ ہوئی، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ پاکستان کی جانب سے تمام 10 وکٹیں اسپنرز نے حاصل کیں، جبکہ واحد تیز گیند باز عامر جمال نے ایک بھی گیند نہیں پھینکی۔

ساجد خان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ نعمان علی نے 3 اور زاہد محمود نے ایک وکٹ لی۔ انگلش بیٹنگ میں جیمی اسمتھ 89، بین ڈکٹ 52، اور گس ایٹکنسن 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

راولپنڈی ٹیسٹ (Rawalpindi Test) میں، انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جس پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ “ٹاس کبھی کبھی منصوبے کے مطابق ہوتا ہے، کبھی نہیں۔ ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنی ہے۔”

پاکستان کی پلیئنگ الیون:
صائم ایوب، عبداللّٰہ شفیق، شان مسعود (کپتان)، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، زاہد محمود، ساجد خان۔

انگلینڈ کی پلیئنگ الیون:
زیک کراؤلی، بین ڈکٹ، اولی پاپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس (کپتان)، جمی اسمتھ، گس ایٹکنسن، ریحان احمد، جیک لیچ، شعیب بشیر۔

یاد رہے کہ ملتان میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ انگلینڈ نے جیتا تھا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ پاکستان کے نام رہا۔
مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔