توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت پر رہائی، 9 ماہ بعد بنی گالہ واپسی

پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی اہلیہ بشریٰ بی بی (Bushra Bibi) کی رہائی کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے، اور انہیں اڈیالہ جیل سے رہائی ملتے ہی بنی گالہ منتقل کر دیا گیا۔ اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے ان کی رہائی کی روبکار پر دستخط کیے، جس کے بعد قانونی کارروائی مکمل کر کے بشریٰ بی بی کو جیل سے باہر بھیجا گیا۔ رہائی کے وقت جیل کے باہر اضافی سیکیورٹی تعینات تھی۔

اس سے قبل، بشریٰ بی بی کی رہائی کے حوالے سے پی ٹی آئی کے وکلاء نے میڈیا کو اطلاع دی تھی کہ ان کی روبکار جاری ہو چکی ہے اور وہ جیل سے رہا ہونے والی ہیں۔ تاہم گزشتہ روز روبکار جاری نہ ہونے کی وجہ سے ان کی رہائی ملتوی ہو گئی تھی، جس کی وجہ سینئر جج کی غیر موجودگی اور اسپیشل جج سینٹرل نمبر ٹو ہمایوں دلاور کی رخصت تھی۔

یاد رہے کہ بشریٰ بی بی (Bushra Bibi) کو 9 ماہ تک جیل میں قید رکھا گیا، انہیں 31 جنوری 2024 کو توشہ خانہ کیس میں 14 سال کی قید سنائی گئی تھی۔ بعد ازاں، انہیں عدالتی فیصلے کے بعد بنی گالہ سب جیل قرار دیتے ہوئے وہاں منتقل کیا گیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کی سزا کو معطل کر دیا تھا، جس کے بعد انہیں نئے توشہ خانہ ٹو کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔

مزیدخبروں کے لیے ہماری ویب سائٹ ہم مارخور وزٹ کریں۔