اسلام آباد: پاکستان میں پیٹرول کی قیمتوں (Petrol prices) میں ایک بار پھر اضافے کی توقع ہے، جس کے بعد عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز پیش کی ہے، جس کا اطلاق 15 نومبر سے متوقع ہے۔
انڈسٹری ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 2 روپے 58 پیسے بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے، جس کی منظوری کے بعد ایک لیٹر پیٹرول کی قیمت 250.96 روپے تک پہنچ جائے گی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 91 پیسے اضافے کی تجویز ہے، جس سے ایک لیٹر ڈیزل کی قیمت 261.05 روپے ہو جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کے پریمیم میں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں قیمتیں بڑھانے کی تجویز دی گئی ہے۔ درآمدی لاگت کے بڑھنے کی وجہ سے اضافے کی یہ تجویز سامنے آئی ہے۔
واضح رہے کہ یکم نومبر کو بھی پیٹرول کی قیمتوں (Petrol prices) میں 1 روپے 35 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 85 پیسے اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد فی الحال ملک میں پیٹرول کی قیمت 248 روپے 38 پیسے، ڈیزل کی 255 روپے 14 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت 161 روپے 54 پیسے فی لیٹر پر ہے۔
یہ نئی تجویز منظور ہونے کی صورت میں عوام کو ایک بار پھر مہنگائی کی لہر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کا اطلاق 16 نومبر سے متوقع ہے۔