اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرول پمپس اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (Oil Marketing Company) کے منافع میں مزید اضافے کی تجویز دی ہے۔ ذرائع کے مطابق اوگرا نے پیٹرولیم ڈویژن کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں پیٹرول اور ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سی) کا مارجن 17.15 فیصد بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔
خط کے مطابق، پیٹرول اور ڈیزل پر او ایم سی (Oil Marketing Company) کا مارجن 7.87 روپے فی لیٹر سے بڑھا کر 9.22 روپے فی لیٹر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ پیٹرول پمپس پر منافع میں 1.40 روپے فی لیٹر اضافہ کرنے اور ڈیلرز کے مارجن میں 16.20 فیصد اضافے کی سفارش کی گئی ہے، جس سے ڈیلرز مارجن 8.64 روپے سے بڑھا کر 10.04 روپے فی لیٹر ہو جائے گا۔
پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین ایک پیچیدہ عمل ہے جس میں عالمی خام تیل کی قیمتیں، روپے کی قدر، حکومت کی طرف سے عائد کردہ ٹیکس اور لیوی، ریفائننگ اور مارکیٹنگ کی لاگت شامل ہوتی ہیں۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ نہ صرف عوامی زندگی پر منفی اثر ڈالتا ہے بلکہ اس سے ٹرانسپورٹ کی لاگت میں اضافہ اور مجموعی معیشت پر دباؤ بھی بڑھ جاتا ہے۔